سپریم کورٹ: ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل نے توہین عدالت کا شوکاز نوٹس چیلنج کر دیا

Published On 24 January,2025 10:10 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ کے ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل نذر عباس نے توہین عدالت کا شوکاز نوٹس چیلنج کر دیا۔

ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل نذر عباس نے توہین عدالت کی کارروائی پر حکم امتناع کی درخواست بھی کر دی، سپریم کورٹ نے نذر عباس کی انٹرا کورٹ اپیل پر 6 رکنی بنچ تشکیل دے دیا۔

جسٹس جمال خان مندو خیل کی سربراہی میں بنچ تشکیل دیا گیا ہے، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس شاہد وحید اور جسٹس مسرت ہلالی تشکیل پانے والے بنچ کا حصہ ہیں۔

سپریم کورٹ نے نذر عباس کی انٹرا کورٹ اپیل 27 جنوری (بروز پیر) کو سماعت کیلئے مقرر کر دی، 6 رکنی لارجر بنچ دن ایک بجے انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کرے گا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل سپریم کورٹ نے ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل نذر عباس کو سنگین غلطی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔