اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ منکی پاکس کے حوالے سے مؤثر اور جامع آگاہی مہم شروع کی جائے، ہوائی اڈوں، بندرگاہوں، بارڈرز پر منکی پاکس کی سکریننگ کا نظام بھی مؤثر بنایا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت منکی پاکس کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی، وزیراعظم نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر (این سی او سی) کو منکی پاکس کی صورتحال پر گہری نظر رکھنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ منکی پاکس کی جانچ کے حوالے سے تمام ضروری آلات اور کٹس کی فراہمی یقینی بنائی جائے، منکی پاکس کا پھیلاؤ روکنے کے حوالے سے صوبائی حکومتوں سے روابط بہتر بنائے جائیں۔
دوران اجلاس وزیراعظم کو بریف کیا گیا کہ حال ہی میں ضلع مردان کے ایک شخص میں منکی پاکس وائرس کی تصدیق ہوئی، متاثرہ شخص روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک مقیم تھا اور حال ہی میں پاکستان آیا، متاثرہ شخص کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے تاہم اسکی حالت خطرے سے باہر ہے۔
سول ایوی ایشن منکی پاکس کے حوالے سے بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کی نگرانی کرے گی، صوبائی حکومتوں اور اسلام آباد میں بڑے ہسپتالوں میں آئیسولیشن وارڈز مختص کردیے ہیں، وزیراعظم نے کہا کہ منکی پاکس کے حوالے سے ہفتہ وار بریفنگ لیا کروں گا۔
یاد رہے کہ پاکستان میں اس وقت منکی پاکس کی لوکل ٹرانسمیشن نہیں ہے، منکی پاکس کے حوالے سے این سی او سی کی جانب سے نیشنل ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔