لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران میری ٹیم نے عمدہ انتظامات کر کے میرا سر فخر سے بلند کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے وزراء،کیبنٹ کمیٹی برائے لاء اینڈآرڈر، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز، ڈی پی اوزسے ویڈیو لنک کے ذریعے میٹنگ کی جس میں آئی جی، ہوم سیکرٹری اور دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔
وزیراعلیٰ نے ”سبیل آن ویل“ کے اقدام کو سراہا
مریم نوازنے محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات کی تعریف کرتے ہوئے عزاداروں کے لئے ”سبیل آن ویل“ کے اقدام کو بھی کو سراہا جبکہ وزیر اعلیٰ نے پہلی مرتبہ حکومتی سطح پر نیاز کی فراہمی کو قابل تحسین قرار دیا۔
ویڈیو لنک میٹنگ کے دوران وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے باری باری سب کا نام لیکر شاباش دی اور سراہا۔
میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ قائد نوازشریف کی جانب سے بھی سب کو مبارکباد اور شاباش پیش کرتی ہوں، میری ٹیم نے عمدہ انتظامات کرکے میرا سر فخر سے بلند کیا، وزراء نے یوم عاشورہ سے پہلے خود جاکر علماء کرام سے ملاقات کی۔
"ہر مکتبہ فکر کے علماء کرام کو اعتماد میں لیا گیا"
انہوں نے کہا ہے کہ ہدایات پر من و عن عملدرآمد کرکے امن و امان کو یقینی بنایا گیا، ہر مکتبہ فکر کے علماء کرام کو ملاقات کرکے اعتماد میں لیا گیا، وزراء، افسران اور پولیس دن رات فیلڈ میں رہی، بڑے جلوسوں کی ڈرون کے ذریعے مانیٹرنگ سود مند رہی جبکہ شیخوپورہ میں واقعہ کے ذمہ داروں کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔
"اداروں کے درمیان اشتراک کار کا بہترین مظاہرہ دیکھنے کو ملا"
مریم نواز کا کہنا تھا کہ موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز کو بند کیے بغیر سکیورٹی انتظامات بہت بڑی کامیابی ہے، پنجاب بھر میں ٹریفک کا انتظام بھی تسلی بخش رہا، محر م الحرام کے دوران پولیس اور دیگر اداروں کے درمیان اشتراک کار کا بہترین مظاہرہ دیکھنے کو ملا، سبیلوں پر لمبی لائنوں کے باوجود مثالی نظم وضبط تھا، لوگ صبر سے اپنی باری کا انتظار کررہے تھے۔
وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ محرم کے جلوسوں پر عرق گلاب کا چھڑکاؤ اچھا عمل تھا، جلوس کے خاتمے پر روٹس کی برق رفتاری سے صفائی مستحسن عمل ہے، تمام اضلاع میں انتظامیہ اورپولیس نے دلچسپی لیکر کام کیا اور چیلنج کو پورا کیا، محرم کے انتظامات پر اہل تشیع علماء اور اکابرین نے بھرپور شکریہ ادا کیا۔
"پولیس کی حفاظت کے لئے تمام تر میسر وسائل فراہم کریں گے"
ان کا کہنا ہے کہ ہر ٹاسک میں کامیابی ٹیم کی کاوشوں کی مرہون منت ہے، وزراء، کیبنٹ کمیٹی، ہوم سیکرٹری، آئی جی،کمشنرز اور سب نے بھرپور کام کیا، پولیس والے خود کو خطرے میں ڈال کر دوسروں کی حفاظت کرتے ہیں، پولیس کی حفاظت کے لئے تمام تر میسر وسائل فراہم کریں گے، کسی سکیورٹی اہلکارکی شہادت کی خبر دل پر بھاری گزرتی ہے۔
مریم نوازنے مزید کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں لاء اینڈ آرڈر کی بہتری کے لئے فول پروف انتظامات کریں گے، ایران اور عراق جانے والے زائرین کو ممکنہ سہولت فراہم کریں گے۔