سندھ کی عدلیہ میں خفیہ اداروں کی مداخلت کی کوئی شکایت نہیں: چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ

Published On 15 June,2024 04:54 pm

کراچی: (دنیا نیوز) چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی نے کہا کہ پوری ایمانداری سے کہتا ہوں الیکشن ٹریبونل کے جج کا تبادلہ معمول کی کارروائی تھی، ججز کے تبادلے کا نظام بہت پیچیدہ ہے۔\

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واضح طور پر کہتا ہوں مجھ سے کسی نے رابطہ نہیں کیا، سندھ کی عدلیہ میں خفیہ اداروں کی مداخلت کی کوئی شکیت نہیں، میرا گمان ہے جج کرپٹ اور بے ایمان نہیں ہوسکتا، کچھ کوششیں ایسی ضرور ہوئیں لیکن خدا کی رحمت سے مجھ پر کسی نے دباؤ نہیں ڈالا۔

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے کہا کہ عدلیہ کی آزادی اس کے فیصلوں سے نظر آتی ہے، بظاہر ایسی کوئی بات نظر نہیں آئی، ایک دو بار کچھ ایسی کوشش ہوئی جس کا فوری سدباب کیا، وہ بھی بعد میں غلط فہمی ثابت ہوئی، سندھ کی عدلیہ پر کسی مخصوص کیس میں دباؤ ڈالنے کی کوشش نہیں کی گئی۔