راولپنڈی: (دنیانیوز) راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ اور سرکاری املاک پر حملوں کے 14 مقدمات میں پنجاب کے سابق وزیر قانون راجہ بشارت کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی۔
سپیشل جج انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی ملک اعجاز آصف نے کیس پر سماعت کی، راجہ بشارت اپنے وکیل سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
سردار عبدالرازق ایڈووکیٹ نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ راجہ بشارت کا 9 مئی کے واقعات سے کوئی تعلق نہیں، محض سیاسی انتقام کے لئے جھوٹے مقدمات میں ملوث کیا گیا ہے۔
عدالت نے حکومت کو 17اپریل کے لئے نوٹس جاری کردیا۔
واضح رہے کہ 4 مارچ کو پولیس نے سابق صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کے وارنٹ گرفتاری حاصل کیے تھے۔