لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد کی منظوری پر ردعمل دے دیا۔
پی ٹی آئی نے رمضان المبارک کے دوران غزہ میں فوری جنگ بندی اور شہریوں کے تحفظ کیلئے سلامتی کونسل کی قرارداد پر فوری عمل درآمد کا مطالبہ کر دیا۔
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری غزہ پر منظور کی گئی قرارداد کی روشنی میں اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کی بہیمانہ نسل کشی رکوانے کیلئے بھرپور کردار ادا کرے۔
پاکستان تحریک انصاف اہلِ فلسطین کی اصولی جدوجہد کی بھرپور حمایت کرتی اور اسرائیل کو جنگی جرائم کی مرتکب ایک ناجائز ریاست تصور کرتی ہے۔
تحریک انصاف کے ترجمان کے مطابق حکومتِ پاکستان خوراک و ادویات سمیت دیگر امدادی سامان کی غزّہ تک ترسیل یقینی بنانے کیلئے ہرممکن وسیلہ اور ذرائع بروئے کار لائے۔
اسرائیل جیسی دہشت گرد ریاست کی خوشامد کی بجائے اہلِ عالم انسانی اقدار اور عالمی قوانین کی روشنی میں فلسطینیوں کے حقوق کی ضمانت فراہم کرے۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ مسئلے کے مؤثر اور مستقل حل کیلئے بلا تاخیر اقدامات اٹھائے جائیں اور اہلِ فلسطین کی امنگوں کی روشنی میں اسے حل کیا جائے۔