پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا بننے کے بعد پہلا حکم جاری کر دیا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے اضلاع میں رمضان المبارک سے قبل تمام ضروری اشیاء خورو نوش کی دستیابی یقینی بنائیں، انہوں نے رمضان المبارک میں اشیاء خورو نوش کی متعین قیمتوں پر دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
محکمہ داخلہ کے مراسلہ کے مطابق تمام ڈپٹی کمشنرز کو روزانہ کی بنیاد پر اشیاء خورو نوش کی قیمتوں کا جائزہ لینے اور عوام کو رمضان المبارک میں خصوصی ریلیف دینے کے لئے ڈپٹی کمشنرز کو تمام سٹیک ہولڈرز اور تاجروں کا خصوصی اجلاس بلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے مراسلے میں کہا ہے کہ تمام بڑے بازاروں میں اشیائے خورو نوش کی مقرر کردہ قیمتوں والی فہرستیں آویزاں کی جائیں، محکمہ لائیو سٹاک اور خیبر پختونخوا حلال فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں کو سحری اور افطار ی کے اوقات کے دوران فیلڈ میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے کے مطابق دودھ اور دہی میں ملاوٹ کی جانچ کے لیے چیک پوائنٹس قائم کیے جائیں، تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے متعلقہ اضلاع میں ذخیرہ اندوزی، بلیک مارکیٹنگ اور سمگلنگ کے خلاف کارروائی کو یقینی بنائیں۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ قیمتوں کے کنٹرول اور شکایت کے طریقہ کار کا مکمل نظام 8 مارچ 2024 کو 8 بجے تک مکمل طور پر فعال اور اپنی جگہ پر ہونا چاہئے۔