پاکستان میں ہماری حکومت ہوتی تو اسرائیل ایک گولی بھی نہیں چلا سکتا تھا: سراج الحق

Published On 12 January,2024 05:11 pm

ہری پور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ اگر پاکستان میں ہماری حکومت ہوتی تو اسرائیل ایک گولی بھی نہیں چلا سکتا تھا۔

ہری پور میں خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ فلسطین کے حالات سب کے سامنے ہیں، بچے زندہ جل رہے ہیں، مسجد اقصیٰ ہم کو پکار رہی ہے لیکن اسلام آباد والوں نے ڈر کا کفن اوڑھ رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام پارٹیوں کے سربراہان خاموش ہیں، امریکی خوف کی وجہ سے ایک جلسہ نہیں کیا، ہم نے مارچ کیے، تمام جماعتوں کو اکٹھا کیا، سفارتخانوں میں دستک دی، ہم نے ایران، ترکی حکومت سے رابطہ کیا کہ ہم کو راستہ دیں۔

سراج الحق نے کہا کہ ہم نے اسماعیل ہانیہ سے رابطہ کیا ان کے ساتھ مل کر دشمن کے ساتھ لڑنا چاہتے ہیں، ہمارے راستے میں مسلمان رکاوٹ ہیں، ہم نے رقم جمع کر کے ان کو فراہم کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہماری حکومت ہوتی تو اسرائیل ایک گولی بھی نہیں چلا سکتا تھا، پی ڈی ایم نے مجھے کہا تھا کہ ہمارا ساتھ دیں مگر ہماری جماعت نظریاتی جماعت ہے، ملک میں اسلامی نظام چاہتے ہیں، اب تک اکیلا کھڑا ہوں۔