نواز، زرداری، گیلانی کیخلاف نیب ریفرنس، جج کی عدم دستیابی کے باعث سماعت ملتوی

Published On 04 January,2024 10:18 am

اسلام آباد: (دنیانیوز) احتساب عدالت نے سابق صد آصف علی زرداری، سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف توشہ خانہ سے قیمتی گاڑیاں اور تحائف وصول کرنے سے متعلق ریفرنس پر سماعت ملتوی کردی۔

آصف علی زرداری، نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدم دستیابی کے باعث سماعت نہ ہوسکی ۔

نواز شریف کی جانب سے ان کے پلیڈر رانا عرفان عدالت پیش ہوئے جبکہ آصف علی زرداری اور یوسف رضا گیلانی کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی ۔

نیب پراسیکیوٹر سہیل عارف عدالت کے روبرو پیش ہوئے تاہم نیب کی جانب سے سپلیمنٹری ریفرنس آج بھی عدالت پیش نہ کیا جاسکا ۔

قیمتی گاڑیاں اور تحائف وصول کرنے سے متعلق ریفرنس میں نواز شریف شامل تفتیش ہوچکے تھے ، عدالت نے کیس کی سماعت 15 جنوری تک ملتوی کردی۔