شیخوپورہ: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر جاوید لطیف نے کہا ہے کہ اداروں میں بیٹھے افراد ظالم کو مظلوم بنانے کیلئے سہولت کاری کر رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما جاوید لطیف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے عالمی قوتوں کے اشاروں پر وہ کام کیا جو کبھی کسی نے نہیں کیا، نہ اس پر کوئی نوٹس لیا گیا نہ کوئی سزا ہوئی، جو تمام ریاستی اداروں پر حملہ آور ہو، آئین و قانون توڑے وہ معصوم ہے۔
جاوید لطیف نے کہا کہ اداروں کے اندر بیٹھے لوگ بھلے وہ ریٹائرڈ ہوگئے نواز شریف کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں، اداروں میں بیٹھے لوگوں کو خدا کا واسطہ دے کر کہتا ہوں انصاف کے تقاضے پورے کرو۔
سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ جب، جب نواز شریف کی مقبولیت بڑھتی ہے تمام فورسز کو اکھٹا کیا جاتا ہے، اب بھی جوں، جوں نواز شریف باہر نکل رہا ہے تمام چیزیں ان کے خلاف اکھٹی ہو رہی ہیں۔