نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کوپ-28 میں شرکت کے بعد گوادر پہنچ گئے

Published On 04 December,2023 01:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کوپ-28 کانفرنس میں شرکت کے بعد گوادر پہنچ گئے۔

دبئی کے المکتوم بین الاقوامی ہوائی اڈے پر متحدہ عرب امارات کی وزیر مملکت برائے گورنمنٹ ڈویلپمنٹ و فیوچر ایہود بنت خلفان الرومی، پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر اور پاکستانی سفارتی عملے نے وزیراعظم کو رخصت کیا۔

دورے کے دوران وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی اٹھائیسویں کانفرنس آف پارٹیز میں پاکستانی وفد کی قیادت کی، وزیر اعظم نے ورلڈ کلائمیٹ ایکشن سمٹ میں بھی شرکت کی اور ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے پاکستان کا قومی بیانیہ پیش کیا، وزیر اعظم نے گلوبل اسٹاک ٹیک گول میز مباحثے میں پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔

کوپ- 28 کے موقع پر وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے سری لنکا اور مالدیپ کے صدور ، نیدرلینڈز ، استونیا ، شام کے وزرائے اعظم اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے کو چیئرمین بل گیٹس سے ملاقاتیں کیں، وزیراعظم نے کوپ- 28 پاکستان پویلین کا دورہ بھی کیا۔