فلسطینیوں کیساتھ کھڑے ہونا فرض، اسرائیل کا تیل بند کیا جائے: حافظ نعیم الرحمان

Published On 04 November,2023 05:16 pm

کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں، مسلم ممالک اسرائیل کا تیل بند کریں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں مساجد، سکولوں پر بمباری کی جارہی ہے، جن کے پاس فوجیں ہیں وہ تماشائی کا رول ادا کررہے ہیں، ہم حماس کے مجاہدین کو سلام پیش کرتے ہیں، فلسطین میں 10 ہزار کے قریب لوگ شہید ہو چکے ہیں، امریکا اسرائیل کی پشت پناہی کررہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ حماس نے اسرائیل کی طاقت کا غرور خاک میں ملا دیا، حماس نے اسرائیل کی ساری چالوں کو ناکام بنا دیا، عزت کا راستہ مزاحمت کا راستہ ہے، 8 نومبر کوغزہ کے بچوں سے اظہار یکجہتی کریں گے، بچوں کا غزہ مارچ ہوگا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مسلم حکمرانوں نے بے غیرتی کا لبادہ اوڑھا ہوا ہے، یہ سب امریکا کے ساتھ ملے ہوئے ہیں، ہمیں اپنی جدوجہد کو تیز کرنا ہوگا، چند خاندان چہرے بدل کر حکمرانی کرتے ہیں، یہ کبھی بھی امریکا کے خلاف کھڑے نہیں ہوں گے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہونا ہمارا فرض ہے، سپہ سالار مسلم ممالک کا اجلاس بلا کر آگے بڑھیں، اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے، کبھی تسلیم نہیں کرسکتے، جو بھی فلسطین کے دو ریاستی حل کی بات کرے گا اسے امت کا غدار کہیں گے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اگر آپ لڑنے کے قابل نہیں تو ہمارے سروں پر کیوں مسلط ہیں، موروثی سیاست کرنے والوں نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا، چند خاندان ہمارے خزانے کو کھا گئے، کرپشن بھی تم کرو جب غیرت کا موقع آئے تو امریکا کے آگے جھک جاتے ہو۔