راولپنڈی: (دنیا نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ 85 رکنی شاہ خرچ کابینہ کا جانے سے قبل عوام کیلئے آخری بڑا تحفہ ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ غریب نے معاشی طور پر مرنا ہے یا حکومت کا سیاسی قبرستان بنانا ہے اس کی شروعات ہو چکی ہیں، ستمبر غریب کے لئے مزید ستمگر ہوگا، حکمران الیکشن سے فرار ہونے کے بہانے ڈھونڈیں گے۔
20 روپے پیٹرول 20 روپے ڈیزل 23 روپے ایل پی جی 50 روپے فی یونٹ بجلی چینی 160 روپے کلو آٹا 160 روپے کلو 85 رکنی شاہ خرچ کابینہ کی طرف سےعوام کے لیے جانے سے پہلے آخری بڑا تحفہ ہے اس میں سکول کے بچوں کی فیس پانی کابل اور گھر کا کرایہ شامل نہیں ہے غریب نے معاشی طور پے مرنا ہے یا…
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) August 1, 2023
ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ بڑا بھائی چھوٹے بھائی پر اعتماد نہیں کر رہا تو قوم ان پر کیسے اعتماد کر سکتی ہے، سیاست کا دل نہیں ہوتا دکان ہوتی ہے اور دل کی بات دل والا سمجھتا ہے دکان والا نہیں، باجوڑ میں 50 آدمیوں کی شہادت نے دنیا کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری سے مزید ڈرا دیا ہے۔
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ساری دنیا کے درمیان سرمایہ کاری کا مقابلہ ہے لیکن پاکستان میں ڈر اور خوف کی فضا ہے، پاکستان کا اپنا سرمایہ کار بنگلہ دیش اور افریقہ میں سرمایہ کاری کر رہا ہے، 10 لاکھ بلاصلاحیت نوجوان ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں کیونکہ پاکستان میں طاقت کا سرچشمہ عوام نہیں، آئین و قانون کی کوئی حیثیت اور اہمیت نہیں ہے۔
بڑا بھائی چھوٹے بھائی پر اعتماد نہیں کر رہا تو قوم ان پر کیسے اعتماد کر سکتی ہے سیاست کا دل نہیں ہوتا دوکان ہوتی ہے اور دل کی بات دل والا سمجھتا ہے دوکان والا نہیں باجوڑ میں 50 آدمیوں کی شہادت نے دنیا کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری سے مزید ڈرا دیا ہے ساری دنیا کے…
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) August 1, 2023
انہوں نے کہا کہ جوں جوں الیکشن کی تاریخ قریب آ رہی ہے اتنا ہی الیکشن کا ہونا مشکوک قرار پا رہا ہے، جتنا الیکٹرانک میڈیا کو زنجیروں میں جکڑا جائے گا اتنا ہی سوشل میڈیا مقبول اور مضبوط ہو جائے گا، جس فلم میں صرف ہیرو کو دکھایا جائے اور ولن کے شارٹ پر پابندی ہو وہ فلم کبھی نہیں چلتی۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ آج یکم اگست ہے اور سیاست کے آخری 5 اوورز کا میچ شروع ہوگیا ہے، عوام باشعور ہو چکی ہے اور سیاسی چہروں کو پڑھنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے، 15 مہینے حکمرانوں نے اقتدار کے مزے لوٹے اور یہ بھول گئے کہ انہیں لوٹ کر عوام میں ہی جانا ہے اور عوام نے ہی آخری فیصلہ سنانا ہے۔