خواجہ آصف کی بجٹ تقریر میں وائس چانسلرز کیلئے ادا کئےگئے الفاظ پر معذرت

Published On 16 June,2023 01:02 pm

اسلام آباد: (دنیانیوز) قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے بجٹ تقریر میں وائس چانسلرز کے حوالے سے ادا کئے گئے الفاظ پر معذرت کر لی جبکہ سپیکر نے ایوان کی کارروائی سے یہ الفاظ حذف کرا دیئے ۔

قومی اسمبلی  میں جاری اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے  بجٹ تقریر کے دوران یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کو ڈکیت کہنے پر ایوان میں معذرت کرلی ، انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی وائس چانسلر کے بارے میں یہ لفظ استعمال کرنے پر معافی مانگتا ہوں، گزارش کرتا ہوں کہ اسمبلی کارروائی سے بھی اس جملے کو حذف کیا جائے ۔

خواجہ آصف  نے کہا کہ درس گاہوں اور اساتذہ کا میرے نزدیک بڑا احترام ہے، آج ہمارے ملک میں کرپشن ایک روایت بن گئی ہے، درس گاہوں میں ہمارے اس ایوان سے زیادہ سیاست ہے، میری تقریر میں کرپشن پر زور تھا، کرپشن کسی بھی شعبے میں ہو اس کی بات کی تھی ۔

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے اس موقع پر کہا کہ جب آپ نے قومی اسمبلی میں تقریر کی تو میں موجود نہیں تھا، میں نے یہ الفاظ خود نہیں سنے، البتہ اخباروں کی زینت بنے، میں آپ کی جانب سے کہے گئے الفاظ کو حذف کرتا ہوں، تمام اراکین سے کہتا ہوں کہ الفاظ کا چناؤ بہتر کیا کریں۔

سپیکر قومی اسمبلی نے یہ بھی کہا کہ مجھے ابھی تک وائس چانسلرز کا کوئی خط نہیں ملا مگر آپ نے بڑے پن کا مظاہرہ کیا، اراکینِ پارلیمنٹ قوم کے لیے رول ماڈل ہوتے ہیں۔