اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اہلیہ کی کرپشن کا بتانے پر عمران نے جنرل عاصم منیر کیخلاف سفید جھوٹ بولا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ 9 مئی کے حوالے سے متفقہ طور پر قرار داد منظور ہوئی، فوجی تنصیبات پر حملے کے مقدمات آرمی ایکٹ کے تحت چلیں گے، سویلین تنصیبات پر حملوں کے خلاف آئین و قانون کے مطابق انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات چلائےجائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: جی ایچ کیو پر حملہ دہشت گردی اور پاکستان دشمنی ہے، وزیر اعظم شہباز شریف
وزیراعظم نے کہا کہ جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ ملک دشمنی نہیں تو اور کیا ہے، سرگودھا، میانوالی میں جہازوں کو نشانہ بنایا گیا، کوئی نیا قانون نہیں بننے جا رہا، عمران نیازی نے ٹویٹ میں ایک اور جھوٹ بولا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ جنرل عاصم منیر جب ڈی جی آئی ایس آئی تھے تو انہوں نے عمران کو ان کی اہلیہ کی کرپشن بارے بتایا، عمران نیازی کو اس بات پر غصہ آیا اور اس بات کو پسند نہیں کیا، یہی وجہ تھی کہ ڈی جی آئی ایس آئی کو ٹرانسفر کیا، یہ بات اس لیے کی کیونکہ میرے علم میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے ملنے والی گھڑی کو بیچ کر جعلی رسید پیش کی گئی، 60 ارب کی کرپشن پر نیب نے نوٹس جاری کیا ہے، مجھے بھی علم نہیں تھا کہ نیب نے وارنٹ جاری کیا ہوا تھا، جناب سپیکر 60 ارب کوئی معمولی بات نہیں، 60 ارب قومی خزانے میں نہیں آیا یہ صریحاً کرپشن ہے، بزور بازو کابینہ سے یہ فیصلہ لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: 9 مئی واقعات: ذمہ داروں کیخلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کی قرار داد منظور
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کی حکومت میں اپوزیشن رہنماؤں کو گھسیٹا گیا، امریکا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کے پرخچے اڑا دیئے گئے، سائفر سے متعلق دن رات جھوٹ پر جھوٹ بولا گیا، اب ان کو فون کر رہا ہے کہ میری مدد کرو، اندازہ کریں پاکستان کے تعلقات کو برباد کر دیا گیا، بھارت نے کشمیر میں جی 20 کانفرنس کر کے سازش کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ ہمالیہ کی طرح کھڑا ہے، چین کوبھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا، چین، سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو برباد کر دیا گیا، کشمیر کاز پر چین کا ساتھ دینے پر سلیوٹ کرتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب انتخابات : وفاقی حکومت نے 14مئی کو الیکشن کے فیصلے پرنظرثانی کی استدعا کردی
وزیراعظم نے کہا کہ افواج پاکستان نےدہشت گردی کا قلعہ قمع کیا، کوئٹہ میں نیشنل گیمز 19 سال بعد ہو رہی ہیں، قوم 9 مئی کے واقعے کو کبھی نہیں بھولے گی، ہمارے دل میں کوئی انتقام نہیں ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والوں کو کٹہرے میں کھڑا کرنا ہو گا، اگر ان سے رعایت کی گئی تو یہ ملک نہیں بچے گا، نوازشریف نے ہمیں ٹریننگ دی، ہمیشہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا، 9 مئی کے واقعات ناقابل برداشت ہیں۔