اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے حکومت کی درخواست پر گلگت بلتستان کی اعلیٰ عدلیہ میں تقرریوں سے متعلق کیس کی سماعت 3 مئی تک ملتوی کر دی۔
گلگت بلتستان کی اعلیٰ عدلیہ میں تقرریوں سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی، ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے مہلت مانگتے ہوئے کہا کہ اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان تیاری کرکے خود پیش ہوں گے، عدالت سے درخواست ہے کہ مناسب وقت دیا جائے
اس پر وکیل درخواست گزار مخدوم علی خان نے کہا کہ حکومت چاہ رہی ہے کہ اس دوران اپیل کا قانون آ جائے، حکومت یہ شوق بھی پورا کر کے دیکھ لے۔
بعدازاں عدالت نے حکومت کی مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت 3 مئی تک ملتوی کردی۔