کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے سندھ پبلک سروس کمیشن (ایس پی ایس سی) کے 2020 کے امتحانات میں گڑ بڑ پر امیدواروں سے 2 ماہ میں دوبارہ امتحان لینے کا حکم دے دیا۔
عدالت عالیہ نے سندھ پبلک سروس کمیشن 2020 کے امتحانات سےمتعلق کیس کا فیصلہ سنا دیا، عدالت نے 2020 کے امیدواروں سے 2 ماہ میں دوبارہ امتحان لینےکا حکم دے دیا۔
عدالت نے حکم دیا ہے کہ امتحانات ہائی کورٹ کے آفیشل اسائنی اور اسسٹنٹ رجسٹرار کی زیر نگرانی لیے جائیں، چیئرمین سندھ پبلک سروس کمیشن نے بھی رپورٹ میں رد و بدل کی تصدیق کی، نتائج میں رد و بدل کے الزام میں ملوث افسران کو معطل کیا گیا۔
سندھ ہائی کورٹ کا کہنا ہے کہ معطلی سے کام نہیں چلے گا، ذمہ داروں کا تعین کر کے انہیں سزا دیں۔
عدالت نے سندھ پبلک سروس کمیشن کو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کے لیے 2 ماہ کی مہلت دیتے ہوئےکہا ہے کہ اطمینان بخش کارروائی نہ ہوئی تو عدالت خود فیصلہ کرے گی۔
خیال رہے کہ سندھ پبلک سروس کمیشن 2020 کے امتحانات میں جعلسازی اور گڑ بڑ کے انکشاف پر سندھ ہائی کورٹ نے تحریری امتحانات کالعدم قرار دے دئیے تھے۔