لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے دفتر میں نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں وزرا اعلیٰ میں بین الصوبائی ہم آہنگی کو مزید فروغ دینے پر اتفاق ہوا، ملاقات میں پنجاب اور سندھ کے کچے کے علاقے میں مشترکہ آپریشن سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور اور فیصل آباد میں جشن بہاراں کی تقریبات کی تجویز
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان چار اکائیوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر پر مشتمل ہے، پاکستان ہم سب کا ہے،سب نے مل کر ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے کام کرنا ہے، اتحاد اور اتفاق کی ضرورت آج پہلے سے بہت زیادہ ہے، اسی سے پاکستان آگے بڑھے گا۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے سب کو باہمی اختلافات بھلا کر ایک ہونا ہو گا، اس موقع پر مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔