ایک پاگل پاکستان کے پلے پڑ گیا، اسمبلیاں توڑنے کا کوئی جواز نہیں تھا: سعد رفیق

Published On 23 January,2023 12:51 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر ریلوے و رہنما مسلم لیگ ن خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اسمبلیاں توڑنے کا کوئی جواز نہیں تھا، پرویز الہٰی اور محمود خان نے اسمبلیاں توڑنے کی کوئی آئینی وجہ بیان نہیں کی، اسمبلیاں توڑ کر اختیارات کا بے جا اور ناجائز استعمال کیا گیا ہے۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ میں اس وقت الیکشن کے حق میں نہیں ہوں، انتخابات کب ہوں گے یہ تو الیکشن کمیشن ہی بتا سکتا ہے، عمران خان کی مقبولیت کراچی میں فارغ ہو چکی ہے، الیکشن کے لئے سب کو ایک پیج پر آنا چاہیے، الیکشن کروا دینا اور الیکشن الیکشن کھیلنا یہ تو مسئلے کا حل نہیں ہے، لوگ بھوک سے مر رہے ہیں اور آئی ایم ایف کو پاکستان میں پھر بلانا پڑگیا ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ قومی اسمبلی سے استعفے دیئے تو اس وقت کونسی چیز کاٹ گئی تھی جو اس وقت استعفے دیئے گئے، انہوں نے اسمبلیوں کو تماشہ بنایا ہوا ہے، انہیں اسمبلیوں میں الیکشن لڑنے کا حق حاصل نہیں، پہلے منتخب ہوتے ہو یا "چنتخب" ہوتے ہو پھر استعفیٰ دے دیتے ہو، پھر کہتے ہو اسمبلیاں توڑیں گے، یہ پاگل آدمی پاکستان کے پلے پڑگیا ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ جو سہولت کار عمران خان کو لے کر آئے ان کو بھی اللہ سزا دے گا، انہوں نے ملک کا حال خراب کر دیا ہے، ذمے ہمارے پڑگیا ہے، 4 سال یہ اور اس کے سہولت کار گند ڈالتے رہے، روز نئے تجربات کرتے تھے جس دن نوازشریف کو نکالا گیا اس دن سے تماشا شروع ہوگیا تھا۔