کراچی: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی سے رابطے کرنے کے معاملے پر تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے خرم شیر زمان کی سرزنش کر دی۔
سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے خرم شیر زمان سے کہا کہ صوبائی صدر میں ہوں، کراچی کے صدر بلال غفار ہیں آپ نے کس حیثیت میں رابطہ کیا؟، آپ نے رابطہ کیا اور خود خبر بھی جاری کردی آپ نے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کی، جس پر خرم شیر زمان نے جواب میں کہا کہ میں نے رسمی گفتگو کی تھی۔
اس پر علی زیدی نے تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ کوئی بھی پی ٹی آئی رہنما پارٹی معاملات پر کسی سیاسی جماعت سے رابطہ نہیں کرے گا، خلاف ورزی کرنے والے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے وضاحت کرتے ہوئے بیان میں کہا کہ جماعت اسلامی سے فی الحال کوئی اتحاد نہیں ہونے جا رہا، واضح رہے ایک روز قبل خرم شیر زمان کی جانب سے حافظ نعیم الرحمن کو کال کر کے رابطہ کیا گیا تھا۔