اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فارن فنڈڈ فتنہ شفاف الیکشن نہیں ملک میں انتشار اور فساد چاہتا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سڑکوں پر ذہنی غلاظت بکھیرنے والے کی اصلیت اب چھپ نہیں سکتی، ان کا جھوٹ اور بہروپ دونوں بے نقاب ہوچکے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ مذاکرات کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فارن فنڈڈ، فراڈ، جھوٹے، فتنے کے پاس کہنے کو کچھ نہیں، ان کے ساتھ مذاکرات کی کوئی گنجائش نہیں، فارن فنڈڈ فتنہ چیف الیکشن کمشنر کو ہرجانے کا نوٹس دینے سے پہلے شہباز شریف اور خواجہ آصف کے ہرجانے کے نوٹسز کا جواب دے۔
انہوں نے کہا کہ 5 سال سے شہباز شریف کے 10 ارب روپے ہر جانے کے مقدمے میں عمران خان مفرور ہے، ہرجانے کا نوٹس اس لیے کیونکہ چیف الیکشن کمشنر نے فارن فنڈڈ فتنے کا غلام بننے سے انکار کردیا، این آر او نہیں دیا؟ ہرجانے کا نوٹس اس لیے کیونکہ چیف الیکشن کمشنر نے فارن فنڈڈ فتنے کی توشہ خانے کی ڈکیتیاں پکڑیں؟ ہرجانے کے نوٹس سے پہلے فارن فنڈڈ فتنہ بتائے کہ رات کو ناکام مارچ چھوڑ کر گھر سونے کے لیے کیوں بھاگ گئے؟