اسلام آباد : (دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے مادر ملت فاطمہ جناح کو 55 ویں برسی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا قوم مادر ملت کے احسانات کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، مادر ملت کو پاکستان کے لیےخدمات پر قوم سلام پیش کرتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فاطمہ جناح قائداعظم کی بہن ہی نہیں بلکہ ان کی فکری وراثت کی بھی امین تھیں، مادرملت کی زندگی کا بیش تر حصہ اپنے عظیم بھائی کی رفاقت میں بسر ہوا، قائداعظم کی زندگی کے آخری 19 برس فاطمہ جناح اپنے بھائی کے ساتھ رہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ فاطمہ جناح نےعظیم بھائی کےساتھ پاکستان کے قیام کی جدوجہد میں بھرپورحصہ لیا، قیام پاکستان کے بعد شدید علیل قائد کی خدمت اور تیمار داری میں دن رات ایک کردیا اور اپنے عظیم بھائی کی وفات کے بعد انھوں نے ان کا مشن آگے بڑھانے کا کام سنبھالا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ قوم مادر ملت کے احسانات کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، اللہ تعالیٰ مادر ملت کے درجات بلند فرمائے، آمین۔
واضح رہے کہ قیام پاکستان کی جدوجہد اور بانیِ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے شانہ بشانہ کام کرنے والی ان کی ہمشیرہ محترمہ فاطمہ جناح کی 55 ویں برسی آج نہایت عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔