پیپلز پارٹی اپنا لانگ مارچ ملتوی کرے: مولانا فضل الرحمان

Published On 22 February,2022 04:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ الگ الگ مارچ سے تقسیم کا تاثر ملتا ہے، پیپلز پارٹی اپنا لانگ مارچ ملتوی کرے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے پی ڈی ایم سربراہ سے ملاقات کی تھی جس میں متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

دنیا نیوز دونوں رہنماؤں کی ملاقات کی اندرونی کہانی کی تفصیلات سامنے لے آیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان لانگ مارچ اور عدم اعتماد پر اختلافات ہیں جبکہ ہارس ٹریڈنگ نہ کیے جانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمان نے مشورہ دیتے ہوئے بتایا کہ پیپلزپارٹی 27 فروری کا لانگ مارچ ملتوی کرے ، دو الگ الگ لانگ مارچ کرنے سے اپوزیشن کی تقسیم کا تاثر ملتا ہے۔ پیپلز پارٹی اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ لانگ مارچ میں شریک ہو۔

یہ بھی پڑھیں:  نا اہل حکمرانوں کے جانے کا وقت آگیا ، فضل الرحمان کی زرداری سے ملاقات

ذرائع کے مطابق پہلے مرکز یا پنجاب میں عدم اعتماد کی تحریک پر دونوں رہنما تقسیم نکلے۔

ذرائع کے مطابق مولانا نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ پہلے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانی چاہیے جس پر شریک چیئر مین پی پی نے کہا کہ وزیراعظم سے قبل وزیراعلی پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانی چاہیئے۔

ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد پہلے کس کے خلاف لانی چاہیے۔ آج شہباز شریف سے بھی مشاورت کریں گے، حکومت کے 20 سے 22 ناراض ارکان نے ن لیگ کو حمایت کا یقین دلایا ہے۔ حکومتی ارکان کی حمایت کے بعد اپوزیشن کو حکومتی اتحادیوں کو بھی توڑنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

ذرائع کے مطابق مولانا اور زرداری نے رائے دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی ناراض ارکان کی حمایت سے تحاریک متنازعہ ہوسکتی ہیں، اس لئے اتحادیوں کو ساتھ ملانا چاہیے۔