ملکی معیشت کو درست سمت ڈال دیا، آئی ایم ایف بورڈ میٹنگ خود ملتوی کرائی:وزیرخزانہ

Published On 26 January,2022 01:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی سمت کو درست کر دیا۔ آئی ایم ایف بورڈ میٹنگ ہم نےخود ملتوی کرائی ہے۔ عالمی ادارے نے ہمارے کہنے پر 2 فروری تک توسیع کی، 26جنوری تک سٹیٹ بینک بل منظور کرانا تھا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ افغانستان کے اثاثے منجمد ہونے کے باعث ان کا انحصار پاکستان پر ہے، امریکا کے ہمسایہ ملک سے چلے جانے کی وجہ سے بھی مسائل پیدا ہوئے۔ کورونا کی وجہ سے سپلائی لائن متاثر ہوئی، دنیا بھر میں قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ عالمی وبا سے حکومت کو بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے ذریعے حکومت عوام کو ریلیف دے رہی ہے، کورونا کے باوجود صنعتی پہیے کو رکنے نہیں دیا گیا، زراعت میں سرمایہ کاری کی۔ آئی ٹی برآمدات میں اضافے سے معیشت کو استحکام ملا۔ برآمدات کو بڑھانے کیلئے بھرپور اقدامات کیے گئے جن کے سبب برآمدات 25 سے 29 فیصدبڑھی ہیں ۔

شوکت ترین نے کہا کہ دنیا نےوزیراعظم عمران خان کی کوروناسےمتعلق پالیسی کوسراہا، وزیراعظم نےفیصلہ کیامکمل لاک ڈاؤن نہیں کیا جائے گا۔ اب برطانوی وزیراعظم کا بھی کہنا ہے ملک بند نہیں کریں گے۔