پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی ادویات وافر مقدار میں دستیاب ہیں: یاسمین راشد

Published On 11 November,2021 01:15 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر صحت یاسمین راشد کہتی ہیں کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کیلئے ادویات وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔

وزیر صحت یاسمین راشد کی زیر صدارت راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے گیارہویں سینڈیکیٹ اجلاس میں 10ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کردی گئی۔ صوبائی وزیرصحت نے راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے ساڑھے سات ارب روپے کے بجٹ، راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے سٹوڈنٹ ہوسٹل کی تزئین وآرائش سمیت یوٹیلیٹی بلز، ہولی فیملی ہسپتال کے آکسیجن سپلائر کے بلز و دیگر بلوں کی ادائیگی کی بھی منظوری دی۔

اجلاس میں راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے ایم فل اور پی ایچ ڈی پراگرامز کو بھی منظور کرلیا گیا۔ صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد نے راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد کا اجلاس میں کہنا تھا کہ راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کو سولرائزیشن پرمنتقل کرنے اور رین ہارویسٹنگ پر بھی کام ہوگا۔ وزیراعظم کے ویژن کلین اینڈ گرین پاکستان کے تحت یونیورسٹی کے ماحول کو بہتر بنایا جائے گا۔ راولپنڈی کے سرکاری ہسپتالوں کے فضلہ کی تلفی کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کو ڈینگی کی صورتحال سے مسلسل آگاہ رکھا جا رہا ہے اور ڈینگی پر قابو پانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں۔