لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی ہدایت پر شیخ رشید اور نورالحق قادری آج لاہور پہنچیں گے۔ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کالعدم جماعت کے رہنماؤں سے مذاکرات کرے گی۔
ادھر اسلام آباد میں کالعدم جماعت کے ممکنہ احتجاج سے نمٹنے کیلئے وزارت داخلہ نے ہنگامی اقدامات شروع کر دیئے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت کو احتجاجیوں سے محفوظ رکھنے کیلئے دیگر صوبوں سے بھاری نفری طلب کرلی گئی۔ پنجاب، آزادکشمیر اور کے پی کے سے پولیس کے 30 ہزار جوان مانگے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پنجاب، کے پی کے اور کشمیر سے10، 10 ہزار جوان و افسران طلب کئے گئے ہیں۔ تینوں صوبوں کو نفری کے ساتھ دنگا فساد سے نمٹنے کا سامان بھی ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وفاقی وزارت داخلہ نے نفری اسلام آباد پہنچانے کیلئے تینوں سیکرٹریز کو مراسلے بھجوا دئیے۔ وفاقی دارالحکومت کو مظاہرین سے ہر صورت محفوظ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔