یوم عاشور ہمیں شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے: گورنر پنجاب

Published On 19 August,2021 09:10 am

لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ یوم عاشور ہمیں شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

گورنر پنجاب چودھری سرور نے یوم عاشور پر اپنے پیغام میں کہا کہ جب بھی صبر و ایثار، تسلیم و رضا اور باطل کے سامنے کلمہ حق بلند کرنے کا ذکر آئے گا تو تاریخ انسانیت میں حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی بے مثال جرات، بہادری اور لازوال قربانیوں کی گونج سنائی دے گی۔

چودھری سرور نے کہا کہ شہدائے کربلا نے مظلوم انسانیت کو ظلم و جبر کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیا، واقعہ کربلا کی یادمنانے کا تقاضا یہ ہے کہ ہم اپنے اندر ایثار و قربانی اور یکجہتی کا وہی جذبہ بیدار کریں جس کا عملی مظاہرہ امام حسینؓ اور ان کے جاں نثار ساتھیوں نے میدانِ کربلا میں کیا۔