وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا ترقیاتی کاموں میں 25 فیصد حصے کا مطالبہ

Published On 08 June,2021 12:37 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے ترقیاتی کاموں میں 25 فیصد حصے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے صوبوں کو 400 فیصد زائد دے رہے ہیں تو ہمیں بھی 25 فیصد بڑھا دیں، اجلاس میں کسی کے منہ سے نکل گیا کہ اقتدار بچانے کیلئے ارکان اسمبلی کو سکیمیں دے رہے ہیں۔

 کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پریس کانفنرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کیلئے ڈیڑھ ارب روپے کی صرف دو سکیمیں تھیں، پنجاب کیلئے سندھ سے زیادہ فنڈز رکھے گئے، وزیراعظم کو خط میں لکھا کہ یہاں ایسٹ انڈیا کمپنی نہ بنائی جائے، مزاحمت کریں گے، 70 فیصد ریونیو دینے والے کو کہہ رہے ہیں کہ وفاق کے پیسوں پر چودھراہٹ نہیں کرنے دیں گے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کوشش ہے ہمارا روڈ نیٹ ورک بہتر ہو، روڈ نیٹ ورک بہتر ہونے سے معیشت میں بہتری آتی ہے، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں ترقیاتی کاموں پر خوشی ہے، وفاق کو اب خط لکھنا چھوڑ دیا، آخری خط میں لکھا تھا شاید میں بہرے لوگوں سے بات کر رہا ہوں، زخموں پر نمک چھڑکنا کوئی وفاقی حکومت سے سیکھے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاق نے پنجاب کیلئے سندھ سے زیادہ ترقیاتی فنڈ دیا، ہمیں بھی ترقیاتی کاموں کیلئے 25 فیصد حصہ دیں، این ایچ اے میں ہمارے لیے کوئی نیا منصوبہ نہیں رکھا گیا۔