مریم نواز کی مقبولیت ہی سلطنت عمرانیہ کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے: محمد زبیر

Published On 24 March,2021 10:48 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما محمد زبیر نے کہا ہے کہ مریم نواز کی مقبولیت ہی سلطنت عمرانیہ کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، نیب تحریک انصاف کا احتساب ونگ بن چکا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما محمد زبیر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مریم نواز نواز شریف اور مسلم لیگ ن کا فخر ہیں، بزدل وزیراعظم مریم نواز کی زبان بندی کے لیے نیب نیازی گٹھ جوڑ کو استعمال کر رہے ہیں، ایک جھوٹا ، بے بنیاد اور کھوکھلا سیاسی کیس بنانے کی بھونڈی کوشش ہے۔

لیگی رہنما محمد زبیر کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے نواز شریف کے بیانیے کو پوری طاقت کے ساتھ زندہ رکھا ہوا ہے، نیب نیازی گٹھ جوڑ کو عمران خان کی آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی چوری نظر نہیں آتی، نیب نیازی گٹھ جوڑ کو بی آر ٹی پشاور، مالم جبا، بلین ٹری سونامی اور ہیلی کاپٹر کیس میں ڈاکہ نظر نہیں آتا۔