میاں جاوید لطیف کو متنازعہ بیان مہنگا پڑ گیا، لیگی ایم این اے کیخلاف مقدمہ درج

Published On 20 March,2021 11:17 am

لاہور: (دنیا نیوز) میاں جاوید لطیف کے متنازعہ بیان کے معاملے پر لاہور کے تھانہ ٹاؤن شپ میں لیگی رہنما کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ لیگی رہنما پر ریاست کے خلاف بغاوت کیلئے اکسانے کا مقدمہ بنایا گیا۔

مقدمہ ٹاؤن شپ کے رہائشی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ جاوید لطیف نے ملک کی حکومت اور سالمیت کے ساتھ ریاستی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کی، جاوید لطیف نے پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے کارکنوں کے مابین نفرت کا بیج بویا، ایم این اے نے ملک میں فساد برپا کرنے کے لیے ہزرہ سرائی کی۔

ایف آئی آر میں مزید کہا گیا کہ میاں جاوید لطیف نے اپنے بیان سے عوام میں خوف و ہراس پھیلایا، ایم این اے نے حکومت اور ریاستی اداروں کے خلاف بیان دے کر مجرمانہ فعل کا ارتکاب کیا ہے۔

خیال رہے لیگی ایم این اے میاں جاوید لطیف نے ٹی وی پروگرام میں مریم نواز کو کچھ ہونے کی صورت میں پاکستان کھپے کا نعرہ نا لگانے کا بیان دیا تھا۔