بلاول بھٹو کا فون، نواز شریف نے اے پی سی میں شرکت کی دعوت قبول کر لی

Published On 18 September,2020 07:22 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے اورویڈیو لنک کے ذریعے اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دے دی گئی، دونکاتی ایجنڈا ہوگا جس میں حکومت کی دو سالہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے علاوہ آئندہ کی حکمت عملی پر مشاورت ہوگی۔ بلاول بھٹو کی طرف سے اپوزیشن جماعتوں کو اے پی سی کے دعوت نامے پہنچا دئے گئے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں لکھا کہ سابق وزیراعظم اور لیگی قائد میاں محمد نواز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا، اس ٹیلیفونک رابطے کے دوران ان کی صحت سے متعلق دریافت کیا اور انہیں اے پی سی میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی دعوت دی۔

ٹویٹر پر اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے لکھا کہ آئندہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کی میزبانی پاکستان پیپلز پارٹی کرے گی اور یہ کانفرنس 20 ستمبر کو ہو گی۔

 پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو کی طرف سے سابق وزیراعظم نواز شریف کو ٹیلیفون کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ کے لیے نیک خواہشات اور دعائیں۔

دوسری طرف پاکستان پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی دعوت قبول کر لی جبکہ سزا کے بعد میاں نواز شریف پہلی بار کسی فورم سے خطاب کرینگے۔

مزید برآں اپوزیشن کی اتوار کے روز بلائی گئی کل جماعتی کانفرنس کی تیاریاں جاری ہیں، اجلاس اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں دن 12 بجے شروع ہوگا، اجلاس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جو دونکاتی ہے۔

ایجنڈا کے مطابق حکومت کی دو سالا کارکردگی کا جائزہ لیا جائیگا اور آئندہ کی حکمت عملی پر مشاورت ہوگی، تمام اپوزیشن جماعتیں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق تجاویز دیں گی، بلاول بھٹو کی طرف سے اے پی سی میں شرکت کے دعوت نامے اپوزیشن جماعتوں کو پہنچا دئیے گئے ہیں۔

نیر بخاری، فرحت اللہ بابراور شیری رحمن دعوت نامے پہنچا رہے ہیں، سینیٹر شیری رحمان، نیر بخاری اور فرحت اللہ بابر نے ن لیگ کے احسن اقبال، پختونخوا میپ کے سینٹر عثمان کاکڑ، نیشنل پارٹی کے سینٹر میر کبیر، اے این پی کے امیر حیدر ہوتی، بی این پی مینگل کےسینٹر جہانزیب جمالدینی کو اے پی سی میں شرکت کا دعوت نامہ پہنچایا، اسی طرح سے بی این پی عوامی کے صدراسراراللہ زاہری، جمیعت العلمائے پاکستان کے شاہ اویس نورانی سے فون پر رابطہ کرکے انہیں شرکت کی دعوت دی۔