دشمن کی جانب سے ہتھیاروں کا ذخیرہ کرنے سے کبھی مرعوب نہیں ہونگے:ائیرچیف

Published On 13 August,2020 01:35 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ دشمن کی جانب سے ہتھیاروں کا ذخیرہ کرنے سے کبھی مرعوب نہیں ہوگی۔

ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ان خیالات کا اظہار پاک فضائیہ کے ایک آپریشنل اڈے کے دورے کے دوران کیا۔

سربراہ پاک فضائیہ ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان نے ملک میں تیار کردہ ڈبل سیٹ لڑاکا طیارے کی آپریشنل صلاحیتوں کا جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جے ایف 17ڈوئل سیٹ، بلاک تھری کی شمولیت پاک فضائیہ کی جدیدیت برقراررکھنے میں معاون ثابت ہو گی، پاک فضائیہ کا ہرفرد ہمارے بہادر سپوتوں کی وراثت کا امین ہے۔

ایئر چیف نے کہا کہ بہادرسپوتوں کے وارثوں نےگزشتہ سال آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ میں شاندار پیشہ وارانہ اہلیت کا مظاہرہ کیا، پاک فضائیہ دشمن کی جانب سے اسلحے کے ذخائراکٹھا کرنے سے کبھی مرعوب نہیں ہو گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاک فضائیہ، بری اوربحری افواج کے شانہ بشانہ مادروطن کے تحفظ اور ملکی خودمختاری کودرپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔