کسی کو پسند ہو نہ ہو، عمران خان کے ساتھ ہی پاکستان کا گزارہ ہے: فواد چودھری

Last Updated On 12 July,2020 09:47 pm

پنڈ دادنخان: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ (ن) لیگ والوں کی آج کل اپنی پارٹی میں کوئی نہیں سن رہا، باہر کون سنے گا۔ کسی کو پسند ہو نہ ہو، عمران خان کے ساتھ ہی پاکستان کا گزارہ ہے۔

پنڈ دادنخان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے قد کا آدمی پورے پاکستان میں نہیں ہے۔ وہ اس وقت اہم مسائل سے دوچار ہیں اور کورونا کی وبا سے نمٹ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ حکومت معیشت کی بہتری کیلئے درپیش مسائل کا مقابلہ بھی کر رہی ہے۔ اپوزیشن کو چاہیے کہ پاکستان کو آگے بڑھانے کی کوششوں میں رخنہ نہ ڈالے۔

فواد چودھری نے کہا کہ سندھ میں ایک جے آئی ٹی سے بہت کچھ سامنے آیا ہے۔ پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ کے حوالے سے اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف پانامہ کیس میں ملک سے فرار ہیں۔ موجودہ حالات کے تناظر میں اپوزیشن کی ساری لیڈرشپ تتر بتر ہے۔ عمران خان کو چھوڑیں، پہلے یہ فیصلہ کریں کہ اپوزیشن کرنی کس نے ہے؟

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ابھی تک (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی میں طے نہیں ہو سکا کہ ان کا لیڈر کون ہے؟۔ سب سے پہلے اپنا اپنا لیڈر تلاش کریں، پھر عمران خان کے استعفے کی بات کریں۔