کورونا ٹیسٹنگ میں اضافہ ، پاکستان کی معاونت کرنا چاہتے ہیں: جاپانی سفیر

Last Updated On 09 June,2020 06:33 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا ٹیسٹنگ میں اضافے کے معاملے پر پاکستان میں تعینات جاپانی سفیر کونینوری مٹسوڈا کا کہنا ہے کہ جاپان ممکنہ معاونت کرنا چاہتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جاپانی سفیر کونینوری مٹسوڈا نے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل سے ملاقات کی۔

جاپانی سفیر نے پاکستان میں کرونا کے بڑھتے کیسز پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ کورونا ٹیسٹنگ میں اضافے کے لیے ممکنہ معاونت کرنا چاہتے ہیں۔

دوسری جانب چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ ٹڈی دل، کورونا کے ساتھ مون سون میں سیلاب متوقع ہے، مشکل وقت میں تعاون پر جاپانی حکومت کے شکرگزار ہیں۔ ٹڈی دل کےتدارک کے لیے جدیدمشینری حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں ریکارڈ 105 اموات ہوئیں جو ایک دن میں اب تک کی سب سے زیادہ اموات ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین سے پاکستان بھر میں 108,317 افراد متاثر ہو چکے ہیں، جب کہ اموات کی تعداد 2,172 ہو گئی ہے۔