اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس آج ہوگا جس میں لاک ڈاؤن میں نرمی یا مزید سختی کرنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء، وزرائے اعلی اور متعلقہ حکام شریک ہوں گے۔ اجلاس میں عسکری حکام اور این ڈی ایم اے کے ماہرین بریفنگ دیں گے۔ قومی رابطہ کمیٹی باہمی مشاورت سے لاک ڈاؤن میں نرمی یا مزید سختی کا فیصلہ کرے گی۔
قومی رابطہ کمیٹی کورونا وائرس کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات پر غور کرے گی۔ ٹرین سروس میں مزید توسیع کرنے پر بھی مشاورت کی جائے گی، اجلاس میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے فیصلوں کا بھی امکان ہے۔
سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کرلی۔ وزیراعلی مراد علی شاہ ویڈیو لنک کے ذریعے قومی رابطہ کمیٹی کے سامنے تجاویز اور سفارشات رکھیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی صوبے سے متعلق سفارشات تیار کرلی ہیں جس میں پارکس، کھلی فضا میں ریسٹورنٹس اوپن کرنے اور ان ڈور کو محدود کسٹمرز کے ساتھ کھولنے کی تجویز ہے۔ پنجاب میں بازار وں میں 5 دن کاروبار، 2 دن چھٹی کی سفارش بھی پیش کی جائے گی۔ حتمی فیصلے تمام صوبوں کی سفارشات کا جائزہ لینے کے بعد قومی رابطہ کمیٹی کرے گی۔