اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا سے ملک بھر میں پانچ ہزار 38 افراد متاثر اور 86 جاں بحق ہو چکے ہیں، پنجاب میں 2 ہزار 425، سندھ ایک ہزار 318، خیبرپختونخوا 697 اور بلوچستان میں 228 شہری وائرس کا شکار جبکہ 1026 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔
گزشتہ 24گھنٹےکے دوران 254 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، گلگت بلتستان میں متاثرین کی تعداد 216، آزاد کشمیر میں 35 کیس سامنے آئے، ملک بھرمیں 37 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ کورونا وبا کے باعث کراچی ایسٹ کی 11 یوسیز مکمل سیل کرنے کے فیصلے میں ترمیم کرتے ہوئے صرف متاثرہ گلیاں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ایسٹ کراچی نے دنیا نیوز سے گفتگو کے دوران بتایا کہ سیل کئے گئے علاقوں میں فلاحی اداروں کے تعاون سے راشن پہنچایا جائے گا، ایک گھر سے ایک فرد کو ضروری سامان کے لیے باہر جانے کی اجازت ہوگی۔
سندھ سرکار لاک ڈاؤن میں سختی یا نرمی کے فیصلے کیلئے آج پھر سر جوڑ کر بیٹھے گی، وزیراعلی سندھ کا کہنا ہے کہ کورونا مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھنے سے پریشانی میں اضافہ ہوا، پابندیوں پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے معاملات خراب ہوئے ہیں۔
ادھر پنجاب بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے، لوگوں کو گھروں تک محدود رکھنے کیلئے جگہ جگہ ناکے لگائے گئے ہیں، بلاضرورت باہر آنے والوں کی پکڑ دھکڑ کے علاوہ لاہور میں سکندریہ کالونی، نواں کوٹ، گلشن راوی، مغل پورہ، ریلوے کالونی سمیت کئی علاقے سیل کر دیئے گئے ہیں۔
لاک ڈاؤن سے سے متعلق سفارشات آج وزیراعظم عمران خان کو پیش کرنے کا پلان ہے، پابندیاں بڑھانے سے متعلق حتمی فیصلے کیلئے قومی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس کل شیڈول ہے۔