چینی بحران کی تحقیقاتی رپورٹ جمع نہ کرانے پر وزیراعظم برہم، ڈیڈلائن دیدی

Last Updated On 10 March,2020 05:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے چینی بحران کی تحقیقاتی رپورٹ جمع نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دیدی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں معاشی اور سیاسی صورتحال سمیت 11 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے مہنگائی میں مزید کمی کے لئے اقدامات تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کابینہ ارکان مہنگائی میں مزید کمی کے لئے اقدامات پر خصوصی توجہ دیں۔

اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ کو کرونا وائرس کی صورتحال اور چین میں مقیم طلبہ سے متعلق اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں چیئرمین سرمایہ کاری زبیر گیلانی بورڈ کا ذاتی وجوہات کی بنا پر دیا گیا استعفیٰ منظور کر لیا گیا جبکہ چینی اور آٹے سے متعلق رپورٹ پر پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ چینی بحران پر تحقیقاتی کمیٹی کو مزید اختیارات دینے کی منظوری دیدی گئی ہے۔ سیکرٹری داخلہ نے چینی بحران سے متعلق رپورٹ پر بریفنگ دی۔ آٹا بحران سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ آئندہ ہفتے آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے تحقیقات جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وہ کالی بھیڑوں کو نشان عبرت بنانا چاہتے ہیں۔