اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے مذہبی آزادی سے متعلق امریکی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے نتائج، شفافیت اور ساکھ پر سوال اٹھ رہے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی رپورٹ کا مذہبی آزادی کے فروغ کیلئے معاون ثابت نہ ہونے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی رپورٹ میں مخصوص ممالک کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ پاکستان میں مختلف مذاہب کے افراد کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ یہ رپورٹ پاکستان کے زمینی حقائق کے برعکس ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مذہبی آزادی کیلئے پارلیمنٹ، عدلیہ اور حکومت نے ٹھوس کوششیں کیں جبکہ اعلیٰ عدلیہ نے اقلیتیوں کے مذہبی مقامات کے تحفظ کیلئے فیصلے دیئے۔