لاہور: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ فضل الرحمان جو کھیل کھیلنے جا رہے ہیں وہ پھنس جائیں گے، مولانا نے پہلے بھی اپوزیشن کو رسوا کرایا، بلاول کا بیان ذمہ دارانہ ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا شہباز شریف کی سمجھ نہیں آئی، ڈبل شاہ کا کردار ادا نہ کریں، فضل الرحمان کے اقدامات سے مایوسی پھیل سکتی ہے، اس تحریک سے کشمیر کاز کو نقصان ہوگا، بھارت بارڈر پر چھیڑ چھاڑ کرسکتا ہے، اگر اس تحریک میں بارڈر پر چھیڑ چھاڑ ہوئی تو ذمہ دار مولانا فضل الرحمان ہوگا، یہ سب فضل الرحمان کو آگے کر کے سمجھتے ہیں شاید کوئی راستہ نکل آئے، ایسا نہیں ہوگا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا عمران خان اگر 6 آدمیوں کو رہا کر دے تو ساری تحریک کا دھڑن تختہ ہو جائے، وزیراعظم اور آرمی چیف پاکستان میں استحکام پیدا کرنے کیلئے ایک لائن پر ہیں، ملکی معیشت کو ٹھیک کرنے جا رہے ہیں، قومیں حملوں سے نہیں معیشت سے تباہ ہوتی ہیں، جمعیت علماء اسلام ہند نے بھارت میں مودی کی حمایت کی ہے، ختم نبوت میں 3 مرتبہ جیل کاٹی ہے۔