وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، 16 نکاتی ایجنڈے پر غور

Last Updated On 30 April,2019 11:35 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، عمران خان کابینہ کو دورہ چین پر اعتماد میں لیں گے، مشیر خزانہ ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف سے معاہدوں اور ملاقاتوں پر بریف کریں گے۔

وفاقی کابینہ معمول کے 16 نکاتی ایجنڈے پر غور کر رہی ہے، توانائی کی وزارت کو پٹرولیم اور پاور ڈویژن بنانے کا جائزہ لیا جائے گا، توانائی کی وزارت کو الگ الگ کرنے کی قرارداد قومی اسمبلی نے منظور کی تھی۔ آف شور ڈرلنگ کے لیے مشینری درآمد پر اضافی سپیشل ڈیوٹی کے استثنٰی کی منظوری متوقع ہے۔

بینکنگ کورٹس اور سپیشل عدالت میں ججوں کی تعیناتی کی منظوری دی جائے گی، رولز آف پروسیجر کے شیڈول ٹو میں انکوائری ایکٹ 2017ء کی شمولیت کی منظوری کا امکان ہے۔ وفاقی کابینہ اپنے اجلاس میں توانائی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی، کابینہ کو  وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام  پر بریفنگ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

کابینہ خشک سالی اور قحط سے متعلق منصوبہ بندی کی منظوری بھی دے گی، کابینہ کو ملک کے موجودہ نظام تعلیم کی تجدید 9 پر بھی بریفنگ دی جائے گی، بائیولوجیکل اینڈ ٹاکسن ہتھیاروں کے کنونشن پر عملدرآمد کے بل کی منظوری بھی متوقع ہے، پاکستان براڈ کاسٹنگ ایسوسی ایشن کے ڈی جی کی تقرری کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔