پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے شہر شہر ریلیاں

Last Updated On 01 March,2019 06:55 pm

لاہور: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر سمیت ملک کے مختلف حصوں میں شہریوں نے پاک فوج کے حق میں ریلیاں نکالیں اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ شرکا ریلی نے پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔

لاہور میں بھارتی جارحیت کیخلاف ایپکا کی جانب سے ریلی نکالی گئی۔ شرکا ریلی نے پاک فوج اور پاکستان کے حق میں نعرہ بازی کی۔ کوٹلی آزاد کشمیر میں آرمی پبلک سکول کے بچوں نے شہید چوک تک پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی۔

بھمبر میں شہری پاک فوج کے حق میں سڑکوں پر آ گئے اور ان کے حق میں نعرے لگائے۔ بہاولپور میں کسان اتحاد یونین نے پریس کلب کے باہر پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی۔

نارووال میں مرید کے روڈ پر کالج کے طلبہ نے استحکام پاکستان ریلی نکالی اور فوج کے حق میں نعرہ بازی کی۔ صادق آباد، اوکاڑہ اور وہاڑی میں بھی پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی۔

سکھر میں بھارتی جنگی جنوں کے خلاف جمیعت علمائے اسلام کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ لنڈی کوتل بازار میں بھارتی جارحیت کے خلاف اور پاکستان پاک فوج کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

بھارتی جارحیت کیخلاف جیکب آباد میں بھی پاک افواج کی حمایت میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔ ریلی میں مسیحی برادری کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

جیکب آباد میں بھارتی جارحیت کیخلاف اور پاک افواج کی حمایت میں مظاہرہ کیا گیا۔ ریلی میں شہر کی سیاسی سماجی مذہبی جماعتوں اور ہندو برادری نے شرکت کی۔