کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کی بینکنگ کورٹ نے عبدالغنی مجید کو نیب حراست میں دینے کی درخواست مسترد کر دی۔ نیب نے سندھ ہائی کورٹ میں فیصلہ چیلنج کرنے کا عندیہ دے دیا۔
بینکنگ کورٹ نے نہر خیام کی اراضی پر غیر قانونی الاٹمنٹ کی تحقیقات کے لئے اومنی گروپ کے عبدالغنی مجید کو نیب کی حراست میں دینے کی درخواست کو مسترد کر دیا۔ عدالت نے نیب کو ملزم سے تفتیش کرنے کی اجازت دیتے ہوئے قرار دیا کہ ملزم کی کسڈی دینا اس عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے فیصلے کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
ادھر سندھ ہائی کورٹ میں اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید کی ایف آئی اے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ موقف اپنایا کہ نیب کو ہراساں کرنے سے روکا جائے۔ عدالت نے ایف آئی اے تفتیشی افسر کو 15 فروری کو طلب کرلیا۔
آصف زرداری کے قریبی ساتھی حسین لوائی اور طحہ رضا کی درخواست ضمانت پر نیب حکام نے مخالفت کی اور کہا منی لانڈرنگ کیس اسلام آباد منتقل کرنے کی سمری چیئرمین نیب کے پاس ہے جس پر ایک ہفتے میں پیشرفت متوقع ہے۔ عدالت نے درخواست کی سماعت 15 فروری تک ملتوی کر دی۔