سانحہ ساہیوال: ورثا کے وکیل نے دھمکی آمیز کال کی آڈیو سنا دی

Last Updated On 28 January,2019 06:32 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سانحہ ساہیوال میں جاں بحق افراد کے ورثا عدم تحفظ کا شکار ہوگئے، وکیل نے حکومت سے سکیورٹی دینے کا مطالبہ کر دیا۔

وکیل نے دعویٰ کیا ہے کہ ورثا کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں، مجھے بھی دھمکی آمیز کال موصول ہوئی، معاملے سے سی ٹی ڈی کو آگاہ کردیا گیا۔ ورثاء کے وکیل نے آڈیو میڈیا کو سنا دی۔

دوسری جانب سانحہ ساہیوال کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی جے آئی ٹی تھانہ یوسف والا میں عینی شاہدین کا انتظار کرتی رہی، ڈیڑھ گھنٹے کے دوران صرف ایک عینی شاہد نے بیان ریکارڈ کرایا۔ واقعے کے دیگر عینی شاہدین تھانے پہنچے لیکن اندر جانے کی ہمت نہ ہوئی، خوف کے مارے باہر ہی کھڑے رہے۔ انہوں نے کہا تھانے میں جانے سے ڈر لگتا ہے، جے آئی ٹی کو موقعے پر آکر بیانات قلمبند کرنا چاہئے۔

 ادھر سانحہ ساہیوال میں ملوث 6 سی ٹی اہلکاروں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔ ساہیوال واقعے میں ملوث 16 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج ہوا تھا جن میں سے صرف 6 کو گرفتار کیا گیا۔ آئندہ ہفتے گرفتار اہلکاروں کی شناخت پریڈ کرائی جائے گی۔