پنجاب میں دھند کا راج، حادثات میں ایک شخص جاں بحق، 43 زخمی

Last Updated On 03 January,2019 12:30 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں سردی کی شدت برقرار، میدانی علاقوں میں دھند کا راج رہا، دھند کے باعث حادثات بھی ہوئے، ٹوبہ ٹیک سنگھ شورکوٹ روڈ پر مسافر بس اور مزدا میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 43 زخمی ہو گئے۔

باغوں کا شہر لاہور علی الصبح دھند کی چادر میں لپٹا رہا، سڑکوں پر دھند کے مرغولے رقص کرتے رہے جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی سست رہی۔ میدانی علاقوں میں سرد موسم میں کہر کی چادر تنی رہی، دھند کے باعث ٹریفک حادثات بھی ہوئے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ شورکوٹ روڈ پر مسافر بس اور مزدا میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 34 زخمی ہو گئے۔

پنجاب کے بیشتر علاقوں میں دھند نے ہر منظر دھند لائے رکھا، قومی شاہراہوں اورموٹرویز پر دھند رہی۔ مانگا منڈی، پتوکی، رینالہ خورد، اوکاڑہ، بورےوالا، ساہیوال، ہڑپہ، چیچہ وطنی، میاں چنوں، خانیوال بھی دھند کی لپیٹ میں رہے۔ ملتان خانیوال موٹروے سمیت ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک اور خیبر پختونخوا میں رشکئی سے پشاور تک موٹروے بند رہی۔

موسم کا حال بتانے والوں کے پیش گوئی کے مطابق مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ ساہیوال، لاہور، بہاولپور ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔

ملک میں گزشتہ روز سب سے زیادہ سردی سکردو اور کالام میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی 11، گلگت منفی 2، قلات منفی 1، استور منفی 8، گوپس منفی 7، ہنزہ، مالم جبہ منفی 4، مری منفی 1، اسلام آباد اور کوئٹہ 1، لاہور 2، ملتان 9، فیصل آباد 4 جبکہ کراچی میں 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔