کوئٹہ: (دنیا نیوز) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ ہم رہیں نہ رہیں، ادارہ قائم رہے گا، یہ عمر ملک کو کچھ دینے کی ہے، ایشوز ہائی لائٹ کرتے رہے ہیں، بلوچستان کے حقوق کا تحفظ کریں گے، صوبے کے ساتھ نا انصافی نہیں ہونے دیں گے۔
چیف جسٹس ثاقب نثار نے کوئٹہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا بلوچستان کی زمین معدنیات سے مالا مال ہے، ہائیکورٹ میں تعداد 6 پلس ون سے 9 پلس ون کر دی تھی، ہائیکورٹ میں ججوں کی تعداد 3 ماہ پہلے بڑھا دی تھی۔ انہوں نے کہا اسلام آباد ہائیکورٹ میں بلوچستان کی نمائندگی نا گزیرہے، بلوچستان ہائیکورٹ کے ججز اور سٹاف کی طرف سے ڈیم فنڈ کیلئے چیک دیا گیا۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا کہنا تھا گزشتہ شام بھی چیف جسٹس بلوچستان سے ججز کے ناموں سے متعلق پوچھا، بتایا گیا کہ بلوچستان میں کوئی ٹریبونل غیر فعال نہیں، ہم رہیں نہ رہیں، سپریم کورٹ کا ادارہ قائم رہے گا۔ انہوں نے کہا ڈیم ہماری بقا اور آنے والی نسلوں کیلئے ناگزیر ہو چکا ہے۔