ن لیگ ڈٹ کر اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی، خواجہ سعد رفیق

Last Updated On 22 October,2018 09:56 am

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والے کے کام ٹھیک نہیں، ہم خزانہ بھرا چھوڑ کر گئے، 5 ماہ میں سب کچھ ختم کر دیا گیا، ڈالر اوپر اور روپیہ نیچے جا رہا ہے، سٹاک مارکیٹ بھی کریش کر گئی ہے۔

لاہور کے علاقہ چوہنگ خورد میں جلسے سے خطاب کے دوران خواجہ سعد رفیق نے پی ٹی آئی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ دوسروں پر دھاندلی کا الزام لگانے والوں کی اصلیت عوام کے سامنے آ گئی ہے۔ 25 جولائی کو دھاندلی کا سہارا لینے والوں کا پول 14 اکتوبر کو کھل گیا۔ 25 جولائی والے تھیلے کھل جاتے تو دھاندلی باہر آ جاتی، یہی وجہ ہے کہ عمران خان نے تھیلے کھلنے نہیں دیئے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 50 لاکھ گھروں کا وعدہ کیا تھا مگر اس کے بدلے میں پورے ملک میں غریبوں کے گھر گرائے جا رہے ہیں۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان کو غربت اور دہشتگردی جیسے چیلنجز سے لڑنا چاہیے تھا مگر انہوں نے عوام کے منتخب نمائندوں سے ہی لڑنا شروع کر دیا۔ مسلم لیگ ن گتھم گتھا نہیں ہونا چاہتی، اب ڈٹ کر اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔