اسلام آباد (دنیا نیوز ) الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ضمنی الیکشن کے دوران جن حلقوں میں خواتین ووٹرز کے ووٹ کاسٹ کرنے کی شرح 10 فیصد سے کم ہوئی تو ان حلقوں کا نتیجہ کالعدم قرار دے دیا جائے گا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکشن ٹرن آئوٹ کم ہونے پر نتیجہ الیکشن ایکٹ کے سیکشن نو کے تحت کالعدم قرار دیا جائے گا۔
ایک بیان میں ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ رحیم یار خان کے حلقہ پی پی 261 میں خواتین کے ووٹوں کا تناسب انتہائی کم ہے ، اگر یہ شرح 10 فیصد سے کم رہی تو ووٹنگ منسوخ کر دی جائے گی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ حلقے میں خواتین ووٹرز کی تعداد 79 ہزار 557 ہے مگر اس کے باوجود ان کے ووٹ ڈالنے کی شرح انتہائی کم ہے۔
علاوہ ازیں ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے اس بات کی بھی وضاحت کی گئی کہ پولنگ کیلئے شام 5 بجے تک کا وقت مقرر کیا گیا ہے اور اس میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا نہ ہی کسی سیاسی جماعت کی جانب سے وقت بڑھانے کی درخواست کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پولنگ کا مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد پولنگ سٹیشن کے دروازے بند کر دیئے جائیں گے اور اس کے بعد کسی کو اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی تاہم جو لوگ پولنگ سٹیشن کی حدود میں ہوں گے انہیں ووٹ ڈالنے سے نہیں روکا جائے گا ۔