این اے 131: عمران خان کا لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا فیصلہ

Last Updated On 04 August,2018 10:51 pm

لاہور: (دنیا نیوز) عمران خان کا لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا فیصلہ، ہائی کورٹ نے خواجہ سعد رفیق کی درخواست پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم جاری کیا تھا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو این اے 131 سے عمران خان کی کامیابی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کرنے سے روک دیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ میں این اے 131 میں دوبارہ گنتی کیلئے درخواست پر سماعت جسٹس مامون الرشید نے سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے حلقے میں دوبارہ گنتی کا حکم دے کر الیکشن کمیشن کو عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا۔ عمران خان نے بھی لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا، بابر اعوان عدالت عالیہ کے فیصلے کو چیلنج کریں گے۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ عمران خان نے دہرا رویہ اپنا رکھا ہے میڈیا پر آکر حلقے کھولنے کا بیان دیتے ہیں جبکہ بابر اعوان عدالت میں دفاع کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ خواجہ سعد رفیق نے حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا تھا جس پر عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سنایا۔