نواز، مریم، محمد صفدر کے گھر کو سب جیل قرار دینے کیلئے درخواست دائر

Last Updated On 23 July,2018 03:08 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی اڈیالہ جیل سے گھر منتقلی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا گیا۔ عدالت میں دائر درخواست میں گھر کو ہی سب جیل قرار دینے کی استدعا کر دی گئی۔

 سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں وطن پارٹی کے سربراہ بیرسٹر ظفر اللہ خان نے درخواست دائر کی، درخواست میں وفاقی حکومت، چیف سیکرٹری پنجاب، ہوم سیکرٹری اور آئی جی جیل خانہ جات کو فریق بنایا گیا۔

درخواست میں نشاندہی کی گئی کہ نواز شریف اور مریم نواز نے بیرون ملک سے آکر خود گرفتاری دی ہے، سابق وزیر اعظم کو ایک ریفرنس میں سزا ہوئی ہے جبکہ دیگر ریفرنسز احتساب عدالت میں زیر سماعت ہیں۔

درخواستگزار کے مطابق نواز شریف تین مرتبہ ملک کے وزیر اعظم رہ چکے ہیں اور ان کی سزا کیخلاف اپیل بھی دائر ہو چکی ہے، لہذا سابق وزیر اعظم، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو جیل سے گھر منتقل کرتے ہوئے گھر کو ہی سب جیل قرار دیا جائے۔