کراچی: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایت پر سٹیٹ بینک نے دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لئے فنڈز اکھٹا کرنے شروع کر دیئے ہیں۔
دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لئے ملک بھر کی 16 ہزار بینک برانچوں میں صارفین عطیات جمع کرا سکیں گے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان میں کانفرنس کرتے ہوئے ڈپٹی گورنر شمس الحسن نے بتایا کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی ہدایت پر مرکزی بینک نے اکاؤنٹ کھول دیا ہے جہاں بڑی تعداد میں لوگ عطیات کر رہے ہیں۔
شمس الحسن کا مزید کہنا تھا کہ سٹیٹ بینک سمیت متعدد کمرشل بینکوں کے ملازمین نے ڈیمز کی تعمیر کے لئے اپنی ایک روز کی تنخواہ عطیات کر دی ہیں۔
اس کے علاوہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی بھی ڈیمز کی تعمیر میں حصہ لے سکتے ہیں جبکہ ملک بھر میں صارفین کی رہنمائی کے لئے مرکزی بینک نے ہیلپ لائن سروس کا آغاز بھی کر دیا ہے۔